سجاد باقر رضوی
ڈاکٹر سجاد باقر رضوی (پیدائش: 4 اکتوبر، 1928ء- وفات: 13 اگست، 1992ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے اردو کے ممتاز شاعر، محقق، مترجم، نقاد اور ماہرِ تعلیم تھے جو اپنی کتاب مغرب کے تنقیدی اصول کی وجہ سے مشہور و معروف ہیں۔
سجاد باقر رضوی | |
---|---|
معلومات شخصیت | |
پیدائش | 4 اکتوبر 1928ء اعظم گڑھ ، برطانوی ہند |
وفات | 13 اگست 1992ء (64 سال) لاہور ، پاکستان |
مدفن | ماڈل ٹاؤن، لاہور |
شہریت | پاکستان |
عملی زندگی | |
مادر علمی | جامعہ کراچی |
تعلیمی اسناد | ایم اے ، پی ایچ ڈی |
پیشہ | مترجم ، شاعر ، ادبی نقاد ، محقق |
پیشہ ورانہ زبان | اردو ، انگریزی |
شعبۂ عمل | غزل ، ترجمہ ، ادبی تنقید ، نظم |
ملازمت | اسلامیہ کالج لاہور ، اورینٹل کالج لاہور |
باب ادب | |
درستی - ترمیم |
حالات زندگی
ترمیمڈاکٹر سجاد باقر رضوی 4 اکتوبر، 1928ء کو برطانوی ہندوستان میں ضلع اعظم گڑھ کی تحصیل پھول پور کے گاؤں چمانواں میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام سید اولاد باقر تھا۔[1][2] 1942ء میں میٹرک اور 1946ء میں انٹرمیڈیٹ کا امتحان یوپی بورڈ سے بطور پرائیویٹ امیدوار پاس کیا۔[3] قیام پاکستان کے بعد انھوں نے پہلے کراچی میں قیام اختیار کیا اور کراچی یونیورسٹی سے بی اے آنرز (انگریزی) اور ایم اے (انگریزی) کی ڈگریاں حاصل کیں۔ پھر انھوں نے اسی یونیورسٹی سے اردو میں پی ایچ ڈی بھی کیا بعد ازاں وہ لاہور منتقل ہو گئے جہاں وہ اسلامیہ کالج سول لائنز اور اورینٹل کالج جامعہ پنجاب سے وابستہ رہے۔[1]
ادبی خدمات
ترمیمسجاد باقر رضوی نے بیک وقت تنقید بھی لکھی، شاعری بھی کی اور انگریزی زبان کی کتب کے اردو میں تراجم کرکے اردو ادب کے ذخیرے میں گراں قدر اضافہ بھی کیا۔ ان کا شمار ایسے نقادوں میں ہوتا ہے جنھوں نے تنقید کو نہ صرف یہ کہ پڑھنے کے قابل بنایا، بلکہ انھوں نے فن پاروں کو پرکھنے کے لیے اصول و ضوابط بھی وضع کیے[4]۔ ان کی تنقیدی کتب مغرب کے تنقیدی اصول اور تہذیب و تخلیق اردو تنقید کی اہم کتابوں میں شمار ہوتی ہیں۔ ان کے شعری مجموعوں میں تیشۂ لفظ اور جوئے معانی شامل ہیں جبکہ ان کے تراجم میں داستان مغلیہ، افتاد گان خاک، حضرت بلال اور بدلتی دنیا کے تقاضے کے نام سرفہرست ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے پی ایچ ڈی کا مقالہ طنز و مزاح کے نظریاتی مباحث اور کلاسیکی اردو شاعری 1857ء تک بھی اشاعت پزیر ہو چکا ہے۔[1]
تصانیف
ترمیمتنقید
ترمیم- 1966ء - مغرب کے تنقیدی اصول
- 1966ء - تہذیب و تخلیق
- 1988ء - وضاحتین
- 1988ء - معروضات
- 1988ء - باتیں
- 1994ء - علامہ اقبال اور عرض حال
شعری مجموعے
ترمیمتراجم
ترمیم- 1968ء - داستان مغلیہ
- 1969ء - جدید ناول نگار (امریکا میں)
- 1969ء - افتاد گان خاک
- 1988ء - بلال
- 1991ء - بدلتی دنیا کے تقاضے
- 1996ء - جدید دنیا میں روایتی اسلام
متفرکات
ترمیمدرسی کتب
ترمیم- 1973ء - مرقع ادب
سجاد باقر رضوی کی شخصیت و فن پر تحقیقی مقالات
ترمیمسجاد باقر رضوی کی ادبی خدمات (پی ایچ ڈی مقالہ)، عارف محمود، پنجاب یونیورسٹی لاہور، 1997ء
نمونۂ کلام
ترمیمغزل
جرم اظہارِ تمنا آنکھ کے سر آگیا | چور جو دل میں چھپا تھا آج باہر آگیا | |
میرے لفظوں میں حرارت میرے لہجے میں مٹھاس | جو کچھ ان آنکھوں میں تھامیرے لبوں پر آگیا | |
جن کی تعبیروں میں تھی اک عمر کی وارفتگی | پھر نگاہوں میں انہیں خوابوں کا منظر آ گیا | |
شہر کے آباد سناٹوں کی وحشت دیکھ کر | دل کو جانے کیا ہوا میں شام سے گھر آگیا | |
پہلے چادر کی ہوس میں پاؤں پھیلائے بہت | اب یہ دکھ ہے پاؤں کیوں چادر سے باہر آگیا | |
ہم دوانوں کے لیے تھیں وسعتیں ہی وسعتیں | ختم جب سحرا ہوا آگے سمندر آگیا | |
تم نے باقر دل کا دروازہ کھلا رکھا تھا کیوں | جس کو آنا تھا وہ آخر درد بن کر آگیا |
غزل
ہم راز گرفتاریٔ دل جان گئے ہیں | پھر بھی تری آنکھوں کا کہا مان گئے ہیں | |
تو شعلۂ جاں نکہت غم صوت طلب ہے | ہم جاںِ تمنا تجھے جان گئے ہیں | |
کیا کیا نہ ترے شوق میں ٹوٹے ہیں یہاں کفر | کیا کیا نہ تری راہ میں ایمان گئے ہیں | |
اس رقص میں شعلے کے کوئی سحر تو ہوگا | پروانے بڑی آن سے قربان گئے ہیں | |
کھینچے ہے مجھے دستِ جنوں دشت طلب میں | دامن جو بچائے ہیں گریبان گئے ہیں | |
باقر ہے اسی گرد راہ دل کا پرستار | جس راہ سے کچھ صاحبِ دیوان گئے ہیں |
وفات
ترمیمسجاد باقر رضوی 13 اگست، 1992ء کو لاہور، پاکستان وفات پاگئے۔ وہ لاہور میں ماڈل ٹاؤن کے جی بلاک کے قبرستان میں سپردِ خاک ہوئے۔[1][5]
حوالہ جات
ترمیم- ^ ا ب پ ت عقیل عباس جعفری، پاکستان کرونیکل، ورثہ / فضلی سنز، کراچی، 2010ء، ص 708
- ↑ عارف محمود: سجاد باقر رضوی کی ادبی خدمات (پی ایچ ڈی مقالہ)، ص 19، پنجاب یونیورسٹی لاہور، 1997ء
- ↑ عارف محمود: سجاد باقر رضوی کی ادبی خدمات (پی ایچ ڈی مقالہ)، ص 22، پنجاب یونیورسٹی لاہور، 1997ء
- ↑ عارف محمود: سجاد باقر رضوی کی ادبی خدمات (پی ایچ ڈی مقالہ)، ص 35، پنجاب یونیورسٹی لاہور، 1997ء
- ↑ عارف محمود: سجاد باقر رضوی کی ادبی خدمات (پی ایچ ڈی مقالہ)، ص 48، پنجاب یونیورسٹی لاہور، 1997ء