مدھیہ دیش
مدھیہ دیش یا ”وسطی ملک“ قدیم ہند کی پانچ ذیلی تقسیموں میں سے ایک تھا، جو گنگا اور یمنا کے اوپر والے علاقوں سے لے کر دونوں دریاوں کے سنگم پر پریاگ تک پھیلا ہوا تھا۔ یہ علاقہ جغرافیائی اور ثقافتی طور پر ایک مضبوط اکائی تشکیل دیتا ہے۔ شمالی ہند (قدیم آریہ ورت) کے اس خطے نے تاریخ کی اہم جہتوں کی رہنمائی میں ایک بنیادی کردار ادا کیا اور ابتدائی دور میں تہذیب کے پھیلاؤ میں اہم ترین حصہ ڈالا۔[1]
تاریخی طور پر مدھیہ دیش (وسطی علاقہ) پر قنوج یا کَانیہ کُبج کا غلبہ تھا، جس کی وجہ سے قنوج مدھیہ دیش اور ارد گرد کے آریہ ورت کا ثقافتی اور سیاسی مرکز بن گیا تھا۔[2][3]
یہ علاقہ چھٹی صدی قبل مسیح سے تاریخ کے ریکارڈ میں آنا شروع ہوتا ہے اور اسے ہندو مذہب میں مقدس سمجھا جاتا ہے کیونکہ رماین اور مہا بھارت میں مذکور دیوتا اور سورما یہاں رہتے تھے۔ اس کی تاریخ پرانوں اور دیگر ہندو مت کے متون میں جڑ گئی ہے۔ اس علاقے نے کئی مہا جن پدوں جیسے کہ کُروؤں، پانچالوں، کوشلوں اور کوشان اور گُپت حکمران خانوادوں کا عروج اور زوال دیکھا۔ گپت خانوادے کے زوال کے بعد اس علاقے میں قنوج کے موکھریوں اور تھانیشور کے ہرشوں کی حکمرانی تھی۔ گُرجر پرتیہاروں اور گاہڑوال نے نویں اور دسویں صدیوں عیسوی کے دوران اس علاقے پر غلبہ حاصل کیا۔[4]
حوالہ جات
ترمیم- ↑ Mihir Mohan Mukhopadhyay (1984). Sculptures of Ganga-Yamuna Valley (بزبان انگریزی). Abhinav Publications. p. 5. ISBN:9788170171898.
- ↑ Silvia Aguero Nicolas Jimenez (2020). Resistencias gitanas (بزبان انگریزی). Editorial libros.com.
- ↑ R.K. Pruthi (2004). The Classical Age (بزبان انگریزی). Discovery Publishing House Pvt. Limited.
- ↑ Pitam Singh (2003). Women Legislators in Indian Politics (بزبان انگریزی). Concept Publishing Company. p. 62. ISBN:9788180690198.