انعکاس
انعکاس دو مختلف واسطوں کے درمیانی نُقطہءِ اتّصال (interface) پر محاذ موج (wavefront) کی سمت میں تغیر ہے تاکہ محاذ موج اُسی واسطے میں واپس پلٹے جس واسطے سے وہ نکلی تھی۔ روشنی، آواز اور پانی کی موجیں اس کی عام مثالیں ہیں۔ قانونِ انعکاس کے مطابق باقاعدہ انعکاس (specular reflection) کے لیے کوئی موج کسی سطح پر جس زاویے سے واقع ہوگی وہ اُسی زاویے سے منعکس ہوگی۔ یعنی زاویہءِ وقوع اور زاویہءِ انعکاس برابر ہوں گے۔ آئینہ سے روشنی کا انعکاس، باقاعدہ انعکاس ہے۔ صدائیات (acoustics) میں انعکاس، بازگشت (echoes) کا باعث ہے اور یہ سونار میں استعمال ہوتا ہے۔ ارضیات میں انعکاس، زلزلی امواج (seismic waves) کے مطالعے کا اہم حصہ ہے۔ پانی کی سطحی امواج (surface waves) میں بھی انعکاس کا مُشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔ مرئی روشنی (visible light) کے علاوہ برقناطیسی امواج میں بھی انعکاس کا مُشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔ انتہائی بلند تعدد (Very high frequency) اور اعلی تعدد (high frequency) کی امواج کا انعکاس ریڈار اور ریڈیو کی نشریات کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ یہاں تک کہ سخت ایکس شعاعیں (hard X-rays) اور گیما شعاعیں (gamma rays) بھی مخصوص گریزنگ آئینوں (grazing" mirrors) کے ذریعے اُتھلے زاویے (Shallow angle) پر منعکس ہوتیں ہیں۔
جب روشنی ایک واسطے (medium) سے گذر کر دوسرے واسطے میں داخل ہوتی ہے تو روشنی کا کچھ حصہ پہلے واسطے میں ہی ایک خاص سمت میں واپس لوٹ آتا ہے جسے انعکاسِ نُور (Reflection of light) کہا جاتا ہے۔ سلیس الفاظ میں جب روشنی کسی چمکدار سطح سے ٹکرا کر واپس لوٹ جائے تو اسے انعکاسِ نور کہتے ہیں۔
زاویہ انعکاس
ترمیموہ زاویہ جو شعاعِ منعکس (ray of reflection)، نقطہءِ وقوع (point of incident) پر عمود (normal) کے ساتھ بنائے زاویہ انعکاس (Angle of Reflection) کہلاتا ہے۔
قوانین انعکاس
ترمیمہموار انعکاسی سطح پر روشنی کا انعکاس باقاعدہ انعکاس کہلاتا ہے۔ قوانینِ انعکاس درج ذیل ہیں۔
1. شعاعِ واقع ، شعاعِ منعکس اور نقطہءِ وقوع پر عمود (normal) ایک ہی مستوی پر ہوتے ہیں۔
2.زاویہءِ انعکاس ، زاویہءِ وقوع کے برابر ہوتا ہے۔
3. شعاع واقع، عمود اور شعاع منعکس سے بننے والی مستوی میں دونوں زاویے (زاویہ وقوع، زاویہ انعکاس) ایک دوسرے کے بلمقابل سطحی عمود کے اطراف میں بنیں گے۔
یہ تینوں قوانین فریسنل کی مساوات (Fresnel equations) سے اخذ کیے جا سکتے ہیں۔
مزید دیکھیے
ترمیمویکی ذخائر پر انعکاس سے متعلق سمعی و بصری مواد ملاحظہ کریں۔ |